نظام عدل نیوز
10جون 2025
جی ایم سی راجوری میں گائے کی تصویر شیئر اور پسند کرنے پر تین طلباء پر پابندی ,غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کی انتظامیہ نے عیدالاضحٰی کے موقع پر گائے کی تصویر شیئر اور لائیک کرنے پر بی ایس سی نرسنگ کے تین طالب علموں کو کلاسوں میں جانے سے روک دیا ہے۔اس سلسلے میں میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر بھاٹیہ کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طالب علموں اجمل شفیع، عمر فاروق شاہ اور عابد احمد راتھر کو
انکوائری کا نتیجہ آنے تک کلاسوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جی ایم سی راجوری کی اسٹوڈنٹ ڈسپلنری کمیٹی کو ایک تفصیلی انکوائری کرنے اور دو دن کے اندر سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہ کارروائی 9 جون 2025ء کو کوآرڈینیٹر بی ایس سی پیرامیڈیکل اینڈ نرسنگ کے ایک خط کے بعد کی گئی ہے جنہوں نے پرنسپل کو مخاطب کرتے ہوئے تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ اجمل شفیع نے عید کے موقع پر تیسرے سمسٹر کے طالب علموں کے آفیشل واٹس ایپ گروپ میں گائے کی تصویر پوسٹ کی تھی جسے بعدازاں دیگر دو طلباء نے پسند کیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ مواد قابلِ اعتراض پایا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے معاملے کو اٹھایا اور کالج کے حکام سے تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
0 Comments