21 جنوری 2024
راولپنڈی (نظام عدل نیوز ) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے کشمیری تحریک آزادی کشمیر سے وفا کرتے ہوئے این اے 57 سمیت پورے ملک میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور تاریخ شاہد ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو سے بے نظیر بھٹو اور اب بلاول بھٹو تک پیپلز پارٹی نے مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا بلاول بھٹو اپنے نانا کے افکار اور والدہ کی عوام دوستی کے تحت روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے کو لے کر میدان عمل میں نکلے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس وقت بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں ان خیالات کا اظہار مقررین نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار نمبردار مختار عباس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما سردار امجد یوسف نے کیا تھا تقریب سے سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے جنرل سکریٹری فیصل ممتاز راٹھور، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چوہدری پرویز اشرف، آزاد کشمیر حکومت کے وزیر عامر یاسین، حریت رہنما عبد الحمید لون، غلام نبی، ولید انقلابی، سردار سعود صادق، سید عزادار شاہ اور راشد بٹ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہدا اور غازیوں کی جماعت ہے پیپلز پارٹی کا یہ خاصہ ہے اس نے ہر دور میں مسئلہ کشمیر کو مقدم رکھا انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پیپلز پارٹی آپس میں ایک فیملی ہیں اور پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے کشمیری این اے 57 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے جلد اس حلقے سے مایوسی کے بادل چھٹ جائیں گے اور مختار عباس کی صورت میں نہ صرف اسمبلی میں کشمیریوں کی مضبوط نمائندگی ہوگی بلکہ مرکز میں پیپلز پارٹی حکومت بنانے گی نمبردار مختار عباس نے کہا کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی نے 2018 کے انتخابات میں این اے 60 سے جس محبت اور جذبے کے ساتھ میری انتخابی مہم چلائی تھی اس سے خوفزدہ ہو کر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے امیدوار کے ساتھ مل کر حلقے کے دورے کئے لیکن جب بے بس ہوگئے تو پھر اس حلقے کا الیکشن ہی ملتوی کیا گیا لیکن مکافات عمل کہ آج ثاقب نثار، شیخ رشید اور تحریک انصاف منظر سے غائب ہیں انہوں نے کہا 8 فروری کے انتخابات میں پارٹی کارکنوں کے بدلہ لینے کا وقت ہے 8 فروری کو این اے 57 سے پراپرٹی ڈیلروں اور سیاسی قبضہ گروپوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کریں گے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے مضبوطی کی جنگ لڑی ہے ہمارا یہ انتخابی حلقہ ہمیشہ سے محرومی کا شکار ہے بنیادی انسانی ضروریات و سہولیات کا شدید فقدان ہے تعلیم اور صحت ناپید ہیں انتخابات میں کامیابی کے بعد حلقے کی تمام محرومیاں ختم کریں گے دیگر مقررین نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے لئے بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے بھٹو کا نواسہ اور بے نظیر کا بیٹا اپنے نانا اور والدہ کے ویژن لے میدان میں نکلا ہے تاکہ ملک و قوم کی خوشحالی، معاشی استحکام اور سیاسی و جمہوری روایات کی خاطر ذوالفقار بھٹو کے افکار، بے نظیر کی عوام دوستی اور پیپلز پارٹی کے روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی اور ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لئے ہزار سال لڑنے کا عزم کیا تھا تاریخ شاہد ہے کہ ذوالفقار بھٹو سے بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو تک پیپلز پارٹی نے کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیریوں کا گہرا اور دیرینہ رشتہ ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی کا ہر کارکن بھٹو کے فلسفے پر کار بند ہیں آج مختلف پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نظریات کی سیاست کی اور ملک و قوم کے لئے قربانیاں دیں یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی آج کے آلودہ سیاسی ماحول میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا بن چکا ہے اور پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں نہ صرف پورے ملک میں بڑا سرپرائز دے گی بلکہ مختار عباس جیسی نوجوان قیادت راولپنڈی میں بھی پیپلز پارٹی کی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
0 Comments