لاہور ،چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی پر صرف جرمانہ کافی نہیں، سخت کارروائی سے ہی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افرادسبق سیکھیں گے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر کے عوام کو لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے افسران کوحکم دیا کہ ذخیرہ اندوزوں سے برآمد کی گئی اشیاء کو مارکیٹ میں فروخت کر دیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے سیالکوٹ اور اوکاڑہ میں سبزیوں کے زائد نرخوں کی وجوہات کا سدباب کرنے اورفیصل آباد میں آٹے کی مقررہ قیمت پردستیابی کو یقینی بنا نے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کا سب ے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔، اسکے حل کیلئے افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یقین ہو کہ حکومت انکی فلاح کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی منڈیوں کے نظام کو بہتر بنا کر قیمتوں کو اعتدال میں لایا جا سکتا ہے۔
چیف سیکرٹری کو تمام ڈویژنل کمشنرز نے پرائس کنٹرول اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری نے افسران کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انتظامی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں اشیاء کی قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔خوراک، صنعت، زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
٭٭٭
0 Comments