انفارمیشن گروپ کی خاتون آفیسر کے گھر 70 لاکھ روپے کی ڈکیتی
تھانہ لوہی بھیر کی حدود آغوش ہاؤسنگ سوسائٹی کی رہائشی انفارمیشن گروپ کی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر آسیہ عمران گوندل کے گھر تین ڈاکو گھس آئے
ملزمان نے خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کیا، اہلخانہ کو یرغمال بناکر لوٹ مار کی، واردات کے بعد سفید رنگ کی کرولا کار میں فرار ہوگئے، مقدمہ درج
جائے وقوعہ سے ایک گلی کے فاصلے پر ہی تھانہ لوئی بھیر واقع ہے، پولیس نے ایف آئی آر میں 32 تولے زیورات کی بجائے دس تولے زیورات کا اندراج کیا
اسلام آباد( شبیرسہام سے)انفارمیشن گروپ کی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر آسیہ عمران گوندل کے گھر پر ہونے والی مسلح ڈکیتی کی واردات کو چھ روز گزرنے کے باوجو پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے۔ پولیس تھانہ لوہی بھیر نے واقعہ کا مقدمہ ہی غلط درج کیا۔ ڈکیتی کے دوران ڈاکو 32 تولے طلائی زیورات سمیٹ کر لے گئے جبکہ پولیس نے ایف آئی آر میں دس تولے زیورات کا ذکر کیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں واقع آغوش ہاؤسنگ سوسائٹی کی گلی نمبر سترہ، مکان نمبر 335 کی رہائشی انفارمیشن گروپ کی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر آسیہ عمران گوندل کے گھر 3 اکتوبر 2023ء بروز منگل صبح نو بجے تین مسلح افراد خود کو ایف آئی اے کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے گھس آئے اور گھر کی تلاشی شروع کر دی۔ اس دوران اہلخانہ کو یرغمال بناکر ڈاکو 30 تولے طلائی زیورات، 80 ہزار روپے کیش، دو لیپ ٹاپ اور ایک عدد پستول تیس بور بمعہ لائسنس لوٹ کر فرار ہوگئے۔تینوں مسلح ڈاکو جنہوں نے چہرے پر ماسک پہن رکھے تھے سفید رنگ کی نئے ماڈل کی کرولا گاڑی پر سوار تھے۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک گلی کے فاصلے پر ہی تھانہ لوئی بھیر واقع ہے۔اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر تھانہ کے عقب میں رہنے والے اتنے غیر محفوظ ہیں تو باقی لوگوں کا کیا حال ہوگا ؟ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر بھی غلط درج کر دی اور ایف آئی آر میں 32 تولے زیورات کی بجائے 10 تولے کا اندراج کیا۔ متاثرہ خاندان نے پولیس حکام سے نوٹس لینے اور ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کرکے لوٹی گئی اشیاء و نقدی برآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
0 Comments