چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے میرے خلاف جو حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، پھر خبردار کرتا ہوں، اگر مجھے دیوار کے ساتھ لگایا گیا تو ٹائیگر بن سکتا ہوں۔
ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کے بہاولپور میں پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک کال دوں گا تو تمہیں اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اس کال کے قریب پہنچتا جا رہا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکمرانوں کو خبردار کر تے ہوئے کہا اب بھی وقت ہے، شفاف الیکشن کا اعلان کردیں، خود کو بھی اور ملک کو بھی بچا لیں۔
سابق وزیراعظم نے متاثرین سیلاب کیلئے اتوار کو ایک اور ٹیلی تھون کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت ملک پر بڑے بڑے ڈاکو مسلط کردیئے گئے، سب نے مل کر ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرانا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ لوٹوں کے دن ختم ہوچکے، انھیں کسی صورت جیتنے نہیں دینا، 30 سال سے ملک کا پیسہ چوری کیا جارہا ہے، بڑے مگرمچھوں کو قانون کے نیچے لانا ہے۔ بے ضمیر اور ضمیرفروش پرانے پاکستان میں رہ گئے۔ چوروں کا ٹولہ ہمیں دلدل میں لے کر جارہا ہے، مریم نواز بے چاری کے پاس تو کھانے کے لیے بھی پیسے نہیں، مریم کو احساس پروگرام میں ڈال دیتا ہوں۔
علاوہ ازیں بہاولپور میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے حقیقی آزادی کیلئے وکلاء برادری سے مدد مانگ لی۔
0 Comments