آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصرخاں کی زیر صدارت کرائم کے حوالے سے اہم اجلاس۔افسران کی دو ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کمزور کارکردگی والے افسران کی سرزنش۔جرائم کی روک تھام ، منشیات کے خاتمہ کے لئے جامعہ حکمت عملی بنانے کی ہدایت۔ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے ۔نان رجسٹرڈ و بغیرنمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ضلع بھر میں سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کو جاری رکھا جائے ۔ آئی جی اسلام آباد کی افسران کو ہدایات
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت کرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پیز، ایس پیز ، ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ او ز نے شرکت کی ۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کی دو ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہر افسر سے الگ الگ بازپرس کی ۔ کمزور کارکردگی والے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی بنائیں ۔ منشیات فروشی کے خاتمہ پر خصوصی توجہ دیں خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کی بیخ کنی کی جائے ۔ ہر علاقے میں کرائم پاکٹس کی شناخت کر کے ان علاقوں میں سکیورٹی سخت کی جائے ۔ ضلع بھر میں سرچ آپریشنز و سنیپ چیکنگ جاری رکھی جائے ۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ نئے تھانوں کے قیام اور تھانوں کی حدود کی تقسیم کا مقصد تھانوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا باعث بنے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد گار ثابت ہو گی۔ انہوں نے ایگل سکواڈ کو سینٹرلائزڈ کرنے کے بعد جو اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس کا بھی جائزہ لیا۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی لسٹیں مرتب کی جائیں ۔ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں سنگین جرائم کے خلاف موثر حکمت عملی اپنائیں ، اس سلسلہ میں کوتاہی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ایف آئی آر کے اندراج کو ایس او پیز کے مطابق ہر صورت یقینی بنایا جائے کسی صورت بھی شکایت نہیں آنی چاہئے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ نان رجسٹرڈاور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے ۔ بھکاریوں کے خلاف مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور خصوصا بھکاریوں کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر کے ان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ آخر میں آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ نیک نیتی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات سرانجام دیں۔فرائض میں غفلت لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔
0 Comments