سیلاب: قطر، یو اے ای کی مزید امداد کی آمد، پروازوں کی تعداد 35 ہوگئی
لاہور: عالمی برادری سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات سے مزید دو پروازیں سامان لیکر پہنچ گئیں، یونیسف سے بھی ایک طیارے کی کراچی آمد ہوئی، مختلف ممالک سے آنیوالی امدادی پروازوں کی تعداد 35 ہوگئی۔یو اے ای کا خصوصی طیارہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر لاہور پہنچا، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔متحدہ عرب امارات سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز راشد اَل علی نے امدادی سامان صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے حوالے کیا۔میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پنجاب کے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان بھجوانے پر مشکور ہیں، متحدہ عرب امارات مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، امدادی سامان جلد متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا-صوبائی وزیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں سے متحدہ عرب امارات کے چارج ڈی افیئرز اور وفد کو آگاہ کیا۔میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے پر متحدہ عرب امارات کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔پرویز الٰہی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضروری سامان بھجوانے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات نے ہر آزمائش میں پاکستان کے عوام کی بھرپور مدد کی ہے، پاکستان اور برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے، سامان متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جائے گا، امداد سے سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔بعدازاں صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے سندھ کے ضلع سکھر کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کے 27 ٹرک روانہ کئے، ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اور مخیر حضرات بھی اس موقع پر موجود تھے-میاں اسلم اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہماری ایک آواز پر سندھ کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کیلئے یہ سامان بھجوایا ہے اور یہ سکھر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کیا جائے گا، سیلاب نے ملک کے طو ل و عرض میں تباہی مچائی ہے، پنجاب حکومت کے پی کے، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوا رہی ہے اور حکومت ان علاقوں میں پیرا میڈیکل سٹاف بھی بھجوا رہی ہے-انہوں نے کہا کہ بہت جلد فیصل آباد سے 25 ٹرک اور گوجرانوالہ سے امدادی سامان کے 22 ٹرک سندھ کے متاثرہ علاقوں میں بھجوائے جائیں گے، آخری سیلاب متاثرہ کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ان کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا، حکومت اور مخیر حضرات سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہیں، عطیات کی ایک ایک پائی حق داروں تک پہنچائیں گے-صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس امر پر بھی غور کرنا ہوگا کہ سیلاب کیوں آتے ہیں، ملک پر چالیس سال تک مسلط رہنے والوں نے نئے ڈیم بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی، وفاقی حکومت کو عوام کا کوئی احساس نہیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم جبکہ پاکستان میں بڑھ رہی ہیں، پنجاب حکومت نے سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کیلئے زبردست ریلیف پیکیج دیا ہے اور پنجاب کی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب فنڈ میں جمع کرا دی ہے-دوسری ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے دوست ممالک سے امدادی پروازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات سے مزید دو امدادی پروازیں پاکستان پہنچ گئیں، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اب تک مختلف ممالک سے 34، متحدہ عرب امارات سے 14، ترکی سے اب تک 11، چین سے 4، قطر سے تین، ازبکستان اور فرانس سے ایک، ایک پرواز کی امداد پاکستان پہنچ چکی ہے۔
0 Comments